بیجوجنتادل پرالزام ،حکمراں جماعت نے مستردکیا، کارکنان اٹل اوراڈوانی کے پوسٹرنہ رہنے سے ناراض
بھونیشور،15اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بھونیشور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی دو روزہ میٹنگ چل رہی ہے۔اس میں خود وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کر رہے ہیں۔لیکن اڑیسہ میں تنظیم کو مضبوطی دینے کے بگل کے ساتھ شروع ہوئے اس چنتن کیمپ سے پہلے شہربھر میں لگے پارٹی صدر امت شاہ کے پوسٹر اور بڑی ہورڈنگ کسی نے یا تو پھاڑ دیے یا پھر انہیں گندا کر دیا، جبکہ ساتھ میں لگے وزیر اعظم کے پوسٹروں کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔اس واقعہ پر بی جے پی کے سینئر لیڈر سریش پجاری نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور وہ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، کیونکہ ایسی حرکت اڑیسہ کی ثقافت اورروایت کے خلاف ہے۔سریش پجاری نے حکمراں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی)کے کارکنوں پر اس واقعہ کے پیچھے ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے عروج سے مخالف لیڈران فکر مندہیں۔بی جے پی کے کچھ دیگر لیڈروں نے بھی دعویٰ کیاکہ یہ واقعہ ان کے سیاسی حریفوں کا کام ہے۔بی جے پی لیڈروں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بی جے ڈی کے ترجمان الہی شنکر مشرا نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسی مخالفت میں یقین نہیں کرتی۔ادھر کچھ سینئر بی جے پی کارکنوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور سینئرلیڈرلال کرشن اڈوانی کی ہورڈنگ نہیں لگائے جانے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔